بنگلورو،5؍ستمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر شہری ترقیات و حج جناب آرروشن بیگ نے راجدھانی دہلی میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی اور مرکزی کابینہ وزیر کا درجہ ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات کے دوران جناب روشن بیگ نے امسال حاجیوں کی روانگی کے لئے حکومت ہند بالخصوص وزیرت اقلیتی امور کی طرف سے کئے گئے بہترین انتظامات پر وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا۔اس ملاقات کے بعد جناب روشن بیگ نے بتایا کہ انہوں نے مسٹر مختار عباس نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹک کے حج کوٹے میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ امسال عازمین حج کی حج بھون سے روانگی کے مرحلہ میں امگریشن اور کسٹمز کی سہولت حج بھون پر ہی مہیا نہ کرائے جانے کے متعلق انہوں نے وزیر موصوف سے شکایت کی ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مناسب کاروائی کا یقین دلایا۔جناب روشن باگ نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر کو بنگلور کے حج بھون اور بنگلور انٹر نیشنل ایر پورٹ پر قائم حج ٹرمینل میں عازمین حج کیلئے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کروایا اور ان پر مسٹر نقوی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک میں عازمین حج کے لئے ہونے والے انتظامات کو سارے ملک کیلئے مثالی قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ امسال عازمین حج کو لے جانے کے لئے ایر انڈیا کی تمام پروازوں نے بنگلور اور ریاست کے دیگر مقامات سے بروقت اڑان بھری اور عازمین کا مدینہ اور جدہ تک سفر انتہائی آرامدہ رہا۔اس کے لئے جناب روشن بیگ نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ساتھ ہی ساتھ مکہ مکرمہ کے گرین زمرہ ،عزیزیہ،مناسک حج کے دوران منیٰ،عرفات،مزدلفہ میں ہندوستانی حج مشن اور ہندوستانی کونسلیٹ برائے جدہ و مکہ مکرمہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی۔ حجاج کرام کو طبی سہولت بہم کروانے کے لئے ڈسپنسریوں کے انتظامات کو بھی جناب روشن بیگ نے سراہا۔اس موقع پر مسٹر نقوی نے سیاسی امتیازات سے بالائے طاق ہوکر جناب روشن بیگ کی طرف سے جن جذبات کا اظہار کیا گیا ان کا شکریہ ادا کیا۔